(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) شرپسند صیہونی آبادکاروں کے مسلح گروپ نے اسرائیلی فوج کی سرپرستی میں فلسطینی آبادی پر حملہ کیا جس میں ایک بچے سمیت متعدد فلسطینی باشندوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق گذشتہ روز فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں شرپسند صیہونی آبادکاروں کے ایک مسلح گروپ نے قابض فوج کی زیر سرپرستی میں فلسطینی آبادی پر لاٹھیوں اورڈنڈوں سے حملہ کیا، شرپسندوں نے فلسطینیوں کی گاڑیوں اور گھروں کے شیشے توڑ دیئے تاہم جیسے ہی فلسطینی نوجوانوں نے شرپسندوں کے حملے کا جواب دیا تو صیہونی پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا۔
شرپسندصیہونی آبادکاروں کے حملے اور صیہونی فوج کی بدترین شیلنگ سے ایک بچے سمیت کم سے کم 14 فلسطینیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جنھیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، حملے کے بعد صیہونی فوج نے بڑےپیمانے پر گرفتاریوں اور چھاپوں کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے روایتی لوٹ مار کا مظاہرہ کیا۔