(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ بیت المقدس کا اسلامی اور تاریخی تشخص تباہ کرنے کیلئے قابض صیہونی انتظامیہ کی جانب سے سرنگوں کی کھدائیوں کا کام تیزی سے جاری ہے۔
اسلامی کمیٹی برائے تحفظ بیت المقدس ومقدس مقامات اور اسلامی تعاون تنظیم سے جاری ایک حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بیت المقدس کی بنیادوں کو کمزور کرنے اور اس کا اسلامی اور تاریخی تشخص مٹانےکیلئے صہیونی انتظامیہ تیزی سےکھدائیاں کرنے اور سرنگیں بنانے کا کام کررہی ہے، جس کا مقصد مسلمانوں کے تاریخی ورثے کی بنیادیں کھوکھلی کرکے ان کی تباہی کا سامان کرنا ہے۔
رپورٹ میں بتایاگیا ہےکہ مقبوضہ بیت المقدس کے نیچےصیہونیوں کی جانب سےاس قسم کی کھدائیوں اور سرنگوں کی تعداد 104تک پہنچ گئی ہے جس میں سے57مسجداقصیٰ کے نیچے 5 وادی سلوان میں، 5 شہر قدیم میں اور 8 دیگر مقامات پر کی گئی ہیں ، رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی انتظامیہ کی جانب سے 22 مقامات پر تاحال کھدائی جاری ہے۔