(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صہیونی جیل میں غیر قانونی نظر بندی کے خلاف بھوک ہڑتال کر نے والے فلسطینی قیدی کی حالت بگڑ گئی تاہم جیل انتظامیہ نے قیدی کو ہسپتال سے دوبارہ جیل منتقل کردیا۔
فلسطینی قیدیوں کے امور سے متعلق قیدی کلب برائے فلسطینی اسیران کے جاری کیے گئے بیان کے مطابق گذشتہ روز صہیونی جیل میں47 سالہ فلسطینی قید ی عماد البطران39 روز سے اپنی بلاجواز نظر بندی کے خلاف رہائی کی درخواست مسترد کیے جانے کے بعد احتجاجی بھوک ہڑتال کر تے ہوئے شدید بیمار ہوگئے جس کے بعدصہیونی جیل انتظامیہ نے انہیں کپلن ہسپتال منتقل کردیا جہاں صہیونی جیل انتظامیہ کی جانب سے مجرمانہ غفلت برتتے ہوئے انہیں مکمل طبی امداد فراہم کر نے کی بجائے فوری ہسپتال سے نیستان جیل منتقل کر دیا گیا جس کے باعث قیدی کی حالت بگڑ گئی تاہم جیل انتظامیہ کی جانب سے بے حسی کا مظاہرہ تاحال قائم ہے۔
کلب برائے اسیران کے مطابق البطران سر، پیٹ اور گردوں کے عارضے میں مبتلا ہیں اور صہیونی جیل میں اپنی غیر قانونی حراست کے خلاف 2013 سے کئی مرتبہ بھوک ہڑتال کر چکے ہیں جن میں 2013 میں 105 دن کی بھوک ہڑتال اور 2016 میں 36 دن جاری رہی۔