(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) قابض صہیونی آباد کاروں کے مسلح جھتوں کی جانب سے نہتے فلسطینی شہریوں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کےمطابق مقبوضہ فلسطین میں صہیونی آباد کاروں نے سلفیت کے مشرق میں یاسوف قصبے کو جانے والی سڑک رحیلم کو دونوں اطراف سے گھیرے میں لے کر آنے جانے والےفلسطینی شہریوں کو شناخت کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کی گاڑیوں پر پتھراؤ کیا۔
عینی شاہدین کے مطابق 40 کے قریب یہودی آباد کار مرکزی سڑک پر اکھٹے ہوگئے اور آنے جانے والی گاڑیوں پر پتھراؤ کیا جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہری زخمی اور ان کی گاڑیاں بھی بری طرح تباہ ہوگئیں۔
خیال رہے کہ غیر قانونی یہودی آباد کار صہیونی بستیوں سے ٹولوں کی شکل میں نکل کر فلسطینی باشندوں پر حملے کرتے ہیں تاہم یہودی آبادکاروں کو اسرائیلی فوج اور پولیس کی مکمل پشت پناہی حاصل ہوتی ہے۔