(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قطر کا قابض اسرائیلی ریاست کی جانب سے صور باھر میں فلسطینی گھروں کی مسماری کی شدید مذمت،عالمی برادری کوچپ کا روزہ توڑ کر اسرائیل کے خلاف فوری کارروائی کرنے چاہیئے۔
تفصیلات کے مطابق قطرنے کہا ہے کہ بیت المقدس کے نواحی علاقے صور باھر میں وادی الحمص کے مقام پر اسرائیلی فوج کی طرف سے فلسطینیوں کےگھروں کی مسماری اسرائیل کا بد ترین ظلم ہے ۔ قطر نے اس گھناؤنے عمل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہ بیت المقدس میں فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ اسرائیل عالمی قوانین کے ساتھ کھلواڑ کر رہا ہے۔
قطری وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میںکہا گیا ہے کہ قطر بیت المقدس میں فلسطینیوں کے گھروں کی انہدامی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ فلسطینیوں کے مکانات کی مسماری ایک عالمی اور انسانیت کے خلاف جرم ہے جس کے بعد عالمی برادری کو فوری طورپر فلسطینیوں کی حمایت میں حرکت میں آنا چاہیے تاکہ صہیونی ریاست کو فلسطینیوںپر مظالم ڈھانے اور ان کے گھروںکی مسماری سے روکا جاسکے۔
یاد رہے کہ اسرائیلی انتظامیہ نے تمام تر بین الاقوامی تنقید اور فلسطینیوں کے احتجاج کو بالائے طاق رکھتے ہوئے دو روزقبل مقبوضہ بیت المقدس کے نواح میں فلسطینیوں کے مکانوں کو مسمار کرنا شروع کردیا ہے۔
پرسوں شام سیکڑوں اسرائیلی فوجی اہلکار بیت المقدس کے نواحی علاقے صور باہر میں بلڈوزر اور دیگر بھاری مشینری کے ہمراہ پہنچ گئے اور مکانات کی مسماری کا آغاز کر دیا ۔