(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے امریکہ کی جانب سے پیش کردہ نام نہاد امن منصوبے صدی کی ڈیل کے خلاف دنیا کے مختلف ممالک میں احتجامی مظاہرے جاری ہیں ،گزشتہ رورز امریکی ریاست ٹیکساس میں بھی نام نہاد امن منصوبے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس کے مرکزی شہر ڈالاس میں سیکڑوں افراد نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام نہاد مشرق وسطیٰ امن منصوبے صدی کی ڈیل کے خلاف ریلی نکالی اور اس منصوبے واپس لینے کا مطالبہ کیا، صدی کی ڈیل کے خلاف احتجاج کرنے والے شہریوں میں امریکا میں مقیم فلسطینی کمیونٹی، عرب اور مقامی شہری شامل تھے۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں پلےکارڈز اور بینر اٹھا رکھے تھےجن پر صدی کی ڈیل ، امریکی صدر اورقابض ریاست کے خلاف نعرے درج تھے، مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے امریکی صدر کے امن منصونے سنچری ڈیل کوفلسطینی قوم کی حق تلفی پر مبنی امریکی اور اسرائیلی پروگرام قرار دیا۔ڈالاس میں نکالی جانے والی اس ریلی میں امریکا میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے مندوبین، سماجی کارکنوں اور مقامی شہریوں کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔ انہوں نے امریکی انتظامیہ سے’سنچری ڈیل’ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔