(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) شام میں جاری طویل خانہ جنگی اور اب عالمی وباء کورونا وائرس کے باوجود شام میں مقیم فلسطینی پناہ گزین "اونروا” کی جانب سے عدم توجہ کا شکار ، پناہ گزین کیمپوں میں مقیم فلسطینیوں کو کسی قسم کی طبی امداد فراہم نہیں کی جارہی ہے ۔
شام ایکشن گروپ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شام کے علاقے درعا میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے فلسطینی پناہ گزین ‘اونروا’ کے زیرانتظام فلسطینی پناہ گزین کیمپ میں موجود فلسطینیوں کو حالات کے رحم وکرم پرچھوڑ دیا گیا ہے، پناہ گزین کیمپوں میں فلسطینی مکینوں کو کسی قسم کی طبی سہولت میسر نہیں، ہزاروں افراد پر مشتمل درعا پناہ گزین کیمپ میں ایک بھی اسپتال موجود نہیں ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر درعا میں قائم فلسطینی پناہ گزین کیمپ میں کورونا وائرس کی وباء پھیلی تو مکینوں کو کورونا سے بچانے کا کوئی انتظام نہیں ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اب تک یہ پناہ گزین کیمپ کرونا وائرس سے محفوظ ہے مگر اس میں موجود مریضوں بالخصوص عمر رسیدہ افراد، بچوں اور دائمی امراض کے شکار مریضوں کے لیے کیمپ کے اندر طبی سہولیات کی عدم موجودگی تشویش اور پریشانی کا باعث ہے۔