(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) شامی فوج نے صیہونی ریاست کی جارحیت کو ناکام بناتے ہوئے دارالحکومت دمشق پر داغے گئے مزائلوں کو ہدف پر پہنچنے سے پہلے فضاء میں شناخت کرنے کے بعد تباہ کردیا۔
شام کے سرکاری ٹی وی چینل ‘سانا’ پر شامی فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق فوج کے ائیرڈیفنس نے گذشتہ روز دارالحکومت دمشق کے مضافات میں کی جانے والی ’’اسرائیلی جارحیت‘‘ کو ناکام بنا تے ہوئے صیہونی ریاست کی جانب سے داغے گئے متعدد میزائلوں کو شامی فضائی حدود میں ہدف تک پہنچنے سے پہلے ناکارہ بنادیا۔
انسانی حقوق مانیٹرنگ گروپ کے مطابق صیہونی ریاست کی جانب سے بشار الاسد کی اتحادی افواج کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کو شامی فوج نے ہدف پر پہنچنے سے قبل ہی فضاء میں تباہ کردیا اس کارروائی میںاب تک ہونے والے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہں ملی۔
واضح رہے کہ گذشتہ دنوں صیہونی وزیردفاع بینی گینٹز نے کہا تھا کہ وہ خطے میں ایرانی حمایت یافتہ گروہوں کو نشانہ بنائیں گے، گذشتہ چند مہینو ں سے اسرائیل نے شام کے اندر فوجی اہداف اور شامی ہی میں سرگرم ایرانی فوج اور ان کے حمایت یافتہ گروپوں کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں میں اضافہ کیا ہے، اسرائیل نے 13 جنوری کو مشرقی شام میں فوجی ٹھکانے اور گولا بارود کے ڈپو پر حملہ کیا تھا جس میں شامی فوج اور ایران نواز گروپوں کے 57 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اسرائیلی حملوں کے آغاز سے اب تک ہونے والی ہلاکتوں کی یہ سب سے بڑی تعداد تھی۔