(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) پریس کلب کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عباس ملیشیا کے ہاتھوں سینیر صحافی سامی الساعی کی گرفتاری آزادی اظہار رائے کی کھلے عام پامالی ہے۔
مقبوضہ فلسطین کے مرکزی پریس کلب کی جانب سے عباس ملیشیا کے ہاتھوں سینیر فلسطینی صحافی سامی الساعی کی گرفتاری اور اس کے ساتھ غیر انسانی سلوک کی شدید مذمت کی گئی ہے ، پریس کلب کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عباس ملیشیا اسرائیلی فوج کی طرز پر صحافی اور ابلاغی اداروں سے وابستہ کارکنوں کو دبانے کی مجرمانہ پالیسی پرعمل پیرا ہے۔
واضح رہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس کے ماتحت پولیس نے غرب اردن کے شمالی شہر طولکرم میں ایک کارروائی کے دوران ایک سینیر صحافی سامی الساعی کو حراست میں لے لیا اور فلسطینی اتھارٹی کی عدالت نے سائبر کرائم ایکٹ 39 کے تحت صحافی سامی الساعی کو سوشل میڈیا کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں جوڈیشل ریمانڈ پر پندرہ دن کے لیے حراست میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔