(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) سعودی عرب میں قید فلسطینی باشندوں کی رہائی کیلئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پرجاری مہم میں سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سے مطالبہ۔
فلسطین میں انسانی حقوق کی تنظیموں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سعودی عرب میں بغیر کسی جرم میں قید فلسطینیوں کی رہائی کے لیے احکامات صادر کریں۔
سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ کی جانب سے جاری مہم میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کی جیلوں میں قید کئی فلسطینی شہری پہلے ہی بیمار ہیں اور اب عالمی وباء کورونا وائرس نے ان کی صحت پرمزید منفی اثرات مرتب کیے ہیں اوران کی زندگی خطرےمیں پڑ گئی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کی حکومت نے 30 سال سے ملک میں رہنے والے فلسطینی رہ نما اور حماس کے رکن ڈاکٹر محمد الخضری اور ان کے بیٹے ھانی الخضری سمیت ایک سو سے زائد فلسطینیوں پر تحریک آزادی فلسطین کے لیے مزاحمتی قوتوں اور حماس کے لیے فنڈنگ کا الزام عاید کیا گیا ہے۔