(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مزید 20 مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ لیبارٹریز کو بھیجے گئے ہیں ، بیت المقدس میں چرچ آف نیوریٹی کو بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ وائرس کے خطرے کے پیش نظر ملک میں ایک ماہ کی ہنگامی حالت نافذ کی گئی ہے۔
دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس نے مقبوضہ فلسطین کو بھی متاثر کیا ہے فلسطینی وزارت صحت کے حکام کی جانب سے جاری بیان میں مزید سات فلسطینی باشندوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ فلسطینی صدر محمود عباس نے شہروں میں کرونا وائرس کے پھیلنے کے خطرات کے پیش نظر ایک ماہ کے لیے ایمرجنسی نافذ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
وزارت صحت کی سفارشات اور بیت المقدس کے گورنر کی ہدایات کے بعد حکام نے بیت المقدس میں چرچ آف نیوریٹی کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ فلسطینی وزارت اوقاف کی طرف سے جامع مساجد کے آئمہ اور خطباء کو جمعہ کا خطبہ اور نماز مختصر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بیت المقدس گورنری میں کرونا وائرس کے مشتبہ واقعات کے بعد وزارت صحت نے ہنگامی صورتحال کا اعلان کرتے ہوئے بیت المقدس میں اسکولوں ، مساجد اور گرجا گھروں کو بند کرنے کی سفارش کی تھی جس کو حکومت کی جانب سے منظوری کے بعد بیت المقدس میں تمام تعلیمی اداروں اور تربیتی مراکز کو 14 دن کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ تمام سرگرمیاں ، سیمینارز ، کانفرنسیں ، سماجی پروگرامات اور کھیلوں کی سرگرمیاں بند کردی گئی ہیں۔