(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی فضائیہ نے گزشتہ رات غزہ کے وسطی اور شمالی علاقوں میں فضائی حملے کئے، حملوں میں ایک کثیرالمنزلہ عمارت تباہ، کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
تفصیلات کےمطابق گزشتہ رات تین بجے سے چار بجے کے درمیان صیہونی فضائیہ نےغزہ کے وسطیٰ علاقے میں دو مقامات کو راکٹوں سے نشانہ بنایا جبکہ شمالی علاقے میں ایک عمارت پرحملہ کیا، حملے میں ایک کثیرالمنزلہ عمارت مکمل تباہ ہوگئی تاہم حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
اسرائیلی آرمی کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ غزہ سے دوراکٹ اسرائیل کےعلاقے "اسقلان ” اور "أسدود ” میں داغے گئے جس کے ردعمل میں اسرائیلی فوج نے غزہ میں 15 مقامات پر حملہ کیا۔
واضح رہےکہ جس دوران غزہ سے اسرائیل میں راکٹ داغے گئے اس وقت اسرائیلی وزیراعظم بینجن نیتن یاہو ایک تقریب میں تقریر کررہے تھے ، راکٹ حملے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم کو بھاگتے ہوئے عجلت میں ایک بم شیلٹرمیں پناہ لیتے ہوئے دیکھا گیا ۔