(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) آج بروز اتوار شام کے وقت، غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی افواج کے ٹینکوں نے مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین کے اطراف پر دھاوا بول دیا، جو 2002 میں غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی فوج کی جانب سے کیے گئے "آپریشن ڈیفنس شیلڈ” کے بعد ایک غیرمعمولی پیش رفت ہے۔
انسانی حقوق کے کارکن احمد حواشین نے بتایا کہ صیہونی ریاست کے ٹینکوں نے جنین شہر کے مغربی داخلی راستے پر حملہ کیا اور احمدین چوراہے کے قریب تعینات کردیئے گئے، جو جنین کیمپ سے چند سو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ مزید یہ کہ یہ ٹینک آج دوپہر سے مقبوضہ فلسطین کی 1948 کی سرحد کے قریب "فتحة مقيبلة” نامی علاقے میں موجود تھے، جہاں سے آگے بڑھ کر انہوں نے شہر کے مغربی داخلی راستے کو اپنے قبضے میں لے لیا۔
اتوار کی صبح غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی فوج نے اعلان کیا کہ اس نے اپنے ٹینک یونٹ کو جنین منتقل کر دیا ہے تاکہ نام نہاد "حملہ آور مہم” میں شرکت کرے۔ اسرائیلی نشریاتی ادارے کے مطابق، 2002 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب غیر قانونی صیہونی دشمن نے مغربی کنارے میں اپنے ٹینک تعینات کیے ہیں۔ فوج نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ بیان میں کہا: "ناحال بریگیڈ اور ڈوفدوفان یونٹ کی افواج جنین کے دیگر علاقوں میں کام کر رہی ہیں، جبکہ ایک ٹینک یونٹ بھی اس حملے کا حصہ ہوگا۔”
صیہونی ریاست اسرائیل کے وزیر برائے سیکیورٹی یسرائیل کاٹز نے کہا: "میں نے فوج کو حکم دیا ہے کہ وہ مغربی کنارے کے پناہ گزین کیمپوں میں طویل مدت تک تعیناتی کے لیے تیار رہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ فوج شمالی مغربی کنارے میں اپنی سرگرمیاں وسیع کر رہی ہے اور قبطیہ میں بھی کارروائیاں کر رہی ہے۔
اتوار کے روز غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی فوج بڑی تعداد میں بکتربند گاڑیوں اور فوجیوں کے ساتھ جنین کے جنوب میں واقع قصبہ کباطیہ میں گھس آئی۔ انہوں نے قصبے کے بنیادی ڈھانچے کو غیرمعمولی نقصان پہنچایا، جو مغربی کنارے کے شمالی علاقے میں جاری صیہونی جارحیت کا تسلسل ہے۔
قبطیہ کے میئر احمد زکارنہ نے بتایا کہ "قبضہ کرنے والی فوج نے اتوار کی صبح 3:30 بجے کے قریب ایک بڑے فوجی آپریشن کا آغاز کیا، جس میں صیہونی بکتربند گاڑیاں اور بلڈوزر قصبے کے مختلف حصوں میں پھیل گئے۔”
زکارنہ کے مطابق، صیہونی ریاست اسرائیل کے بلڈوزروں نے سڑکوں، بنیادی ڈھانچے، اور عوامی چوراہوں کو مسمار کر دیا، جس سے پانی کی سپلائی کا نظام منقطع ہو گیا، جبکہ امدادی ٹیمیں فوجی ناکہ بندی کی وجہ سے متاثرہ علاقوں تک پہنچنے میں ناکام رہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ غیر قانونی صیہونی ریاست کے اسنائپرز نے کئی گھروں پر قبضہ کر لیا، اور فوجیوں نے گلیوں میں گشت کرتے ہوئے گھروں کی تلاشی لی اور مقامی شہریوں سے تفتیش کی۔
قبطیہ کی بلدیہ کے رکن اور تحریک فتح کے مقامی میڈیا ترجمان ریاض کمیل نے کہا کہ قابض فوج قصبے میں وسیع پیمانے پر تباہی پھیلا رہی ہے، خاص طور پر مرکزی اور ذیلی سڑکوں پر بلڈوزر چلا کر بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ جارحیت ایک انتقامی کارروائی ہے، اور قابض فوج مختلف گھروں پر چھاپے مار رہی ہے، وہاں موجود فلسطینیوں کو حراست میں لے کر ان سے تحقیقات کر رہی ہے۔
یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی فوج نے مغربی کنارے کے شمال میں اپنی جارحیت تیز کر دی ہے۔ جنین کے پناہ گزین کیمپ پر حملے کو 34 دن مکمل ہو چکے ہیں، جب کہ طولکرم اور اس کے کیمپ پر حملہ 28 دن سے جاری ہے۔ اس کے علاوہ، نور شمس کیمپ پر 15 دنوں سے جارحیت کی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے ہزاروں فلسطینی خاندان اپنے گھروں سے بے گھر ہو چکے ہیں۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے وزیر سیکیورٹی یسرائیل کاٹز نے اتوار کی صبح اعتراف کیا کہ 40,000 فلسطینیوں کو جنین، طولکرم، اور نور شمس کے کیمپوں سے زبردستی بے دخل کر دیا گیا ہے، اور اب یہ علاقے مکمل طور پر ویران کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قابض فوج ان علاقوں پر مستقل کنٹرول حاصل کرنے کے لیے تیار ہے اور وہاں کے فلسطینی باشندوں کو دوبارہ واپس آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اس دوران، اسرائیلی اخبار معاریف نے ایک فوجی ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ جنین میں ٹینکوں کی تعیناتی قابض فوج کی جانب سے جارحانہ پیغام ہے۔ صیہونی ریاستی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ "مغربی کنارے کے شمال میں فوجی آپریشن کو مزید وسعت دی جائے گی، اور قابض فوج اپنی جارحانہ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔