(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی وزیرجنگ نے اسرائیلی فوج کو ہدایت دی ہے کہ حزب اللہ کی جانب سے حملے کے جواب میں لبنان کی اہم تنصیبات کو بھرپور طاقت سے نشانہ بنایا جائے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز صیہونی چیف آف آرمی اسٹاف، ایووی کوچاوی اور دیگر سینئر آرمی افسران کی موجودگی میں منعقدہ اجلاس میں صیہونی وزیرجنگ اور سابق اسرائیلی آرمی چیف بینی گینٹز نے ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر لبنانی مزاحمتی تحریک حزب اللہ نے اسرائیل کے خلاف کوئی حملہ کیا تو جواب میں لبنانی اہم تنصیبات سمیت دیگر فوجی مراکز پر بھرپور طاقت کے ساتھ حملہ کیا جائے اور حزب اللہ کی کمر توڑ دی جائے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ احکامات کے بعد صیہونی فوج نے لبنان کے ساتھ ملحقہ شمالی سرحد پر ایسے مشن کی تیاری شروع کردی ہے جس کا واضح مطلب یہ ہے کہ صیہونی فوج نہ صرف "حزب اللہ” سے تعلق رکھنے والے مقامات پر حملہ کرے گی بلکہ ملک کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق لبنانی اہم تنصیبات کو بھی نشانہ بنائے گی ۔
واضح رہے کہ20 جولائی کو صیہونی فضائیہ نے شام کے دارلحکومت دمشق پر جارحیت کی تھی جس کے نتیجے میں حزب اللہ کے رکن علی کامل محسن شہید ہوئے تھے جبکہ شام کے چھ فوجی زخمی بھی ہوئے تھے جس کے جواب میں حزب اللہ نے شہید کا بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا ۔