(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) شام میں اسرائیلی فضائی حملے میں حزب اللہ کے اہم رکن علی کامل محسن کی شہادت کے بعد اسرائیل پر حزب اللہ کے جوابی حملے کا خوف طاری ہو گیا ہے، اسرائیل نے اقوام متحدہ کے ذریعے حزب اللہ سے صلح کی درخواست کی ہے۔
لبنان کے المیادین چینل کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ صیہونی ریاست نے لبنان کی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کو پیغام دیا ہے کہ ان کا علی کامل محسن کو شہید کرنے کا ارادہ نہیں تھا، انہیں اس بات کا علم نہیں تھا کہ حزب اللہ کے رکن اس علاقے میں موجود ہے۔
گزشتہ روز صیہونی ریاست کے وزیر دفاع نے بھی اعتراف کیا ہے کہ ہم نے حزب اللہ کو پیغام بجھوایاہے تاہم انھوں نے پیغام کی نوعیت کے حوالے سے کوئی تفصیلات نہیں بتائیں ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے ذریعے حزب اللہ کو بھیجے گئے ایک پیغام میں صیہونی حکومت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دمشق پر حالیہ جارحیت کا مقصد حزب اللہ کے رکن کو نشانہ بنانا نہیں تھا۔ادھر حزب اللہ کی جانب سے بھی پیغام موصول ہونے کی تصدیق کی ہے تاہم اس حوالے سے کسی قسم کا کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے تاہم حزب اللہ نے پہلے ہی اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ اسرائیلی فوج کے ہاتھوں اپنے کسی بھی ایک ممبر کی شہادت کا انتقام لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 20 جولائی کو صیہونی فضائیہ نے شام کے دارلحکومت دمشق پر جارحیت کی تھی جس کے نتیجے میں حزب اللہ کے رکن علی کامل محسن شہید ہوئے تھے جبکہ شام کے چھ فوجی زخمی بھی ہوئے تھے۔