(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )بنگلہ دیش حکومت نے قابض صیہونی ریاست کی جانب سے صورباھر میں فلسطینی گھروں کی مسماری کی شدید مذمت کردی۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیشی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں اسرائیلی انتظامیہ کی حالیہ فلسطینی گھروں کی مسماری مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کی تمام حمایت فلسطینی عوام کے ساتھ ہے۔
بنگلہ دیشی وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بنگلہ دیش اقوام متحدہ کی فلسطین کے بارے میں منظور کردہ قراردادوں کی مکمل حمایت کرتا ہے اور عالمی برادری سے درخواست کرتا ہے کہ اسرائیلی بربریت کو روکنے کےلیے متفقہ لائحہ عمل طے کیا جائے تا کہ فلسطینی عوام اپنے گھروں میں محفوظ رہ سکیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اسرائیل کی حالیہ کارووائیاں اقوام متحدہ کی قرارداد نمبر 242 اور 338 کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
بیان کے آخر میں بنگلہ دیشی عوام کے جانب سے فلسطینی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ بنگلہ دیش ہر عالمی فورم پر فلسطینیوں کی حمایت کرتا رہے گا۔
یاد رہے کہ اسرائیلی انتظامیہ نے تمام تر بین الاقوامی تنقید اور فلسطینیوں کے احتجاج کو بالائے طاق رکھتے ہوئے دو روزقبل مقبوضہ بیت المقدس کے نواح میں فلسطینیوں کے مکانوں کو مسمار کرنا شروع کردیا ہے۔پرسوں شام سیکڑوں اسرائیلی فوجی اہلکار بیت المقدس کے نواحی علاقے صور باہر میں بلڈوزر اور دیگر بھاری مشینری کے ہمراہ پہنچ گئے اور مکانات کی مسماری کا آغاز کر دیا ۔