(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ کی پٹی کے جنوبی علاقے رفح میں پیر کی صبح غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی فوج کے وحشیانہ حملے میں دو فلسطینی روزہ دار شہید ہوگئے۔ صیہونی فوج نے اندھا دھند بمباری کی، جب کہ جنوبی غزہ کے خان یونس کے علاقے المواسی میں صیہونی حملے میں تین شہری زخمی ہو گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق، رفح شہر کے وسط میں صیہونی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں فلسطینی شہری موسیٰ قشتہ اور خالد الشعر شہید ہو گئے۔
اسی طرح، جنوبی غزہ کے خان یونس کے شمال مغربی علاقے المواسی میں ایک اسرائیلی ہیلی کاپٹر نے بمباری کی، جس میں تین بچے زخمی ہوگئے۔
عینی شاہدین کے مطابق، صیہونی ہیلی کاپٹر نے المواسی کے علاقے پر دو میزائل داغے، جس کے نتیجے میں معصوم شہری زخمی ہوئے، جب کہ خان یونس کے ساحلی علاقے میں شدید گولہ باری کی گئی۔
غزہ کی کراسنگ بند، شہری شہید
گزشتہ روز غیر قانونی صیہونی ریاست کی قابض فوج نے غزہ کی پٹی کی تمام کراسنگ بند کر دیں، جس کے بعد بیت حانون، خان یونس اور رفح میں دو بچوں اور ایک خاتون سمیت چار فلسطینیوں کو شہید جبکہ چھ کو زخمی کر دیا گیا۔
19 جنوری کو جنگ بندی کے آغاز کے بعد سے، صیہونی فوج نے نہ صرف انسانی ہمدردی کے پروٹوکول کی خلاف ورزی کی بلکہ درجنوں بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 118 سے زائد فلسطینیوں کو شہید اور سینکڑوں کو زخمی کر دیا ہے۔
نسل کشی کی جنگ میں شہادتوں کی تعداد
7 اکتوبر 2023ء سے غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے غزہ پر مسلط کردہ نسل کشی کی جنگ کے نتیجے میں اب تک 48,388 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے، جبکہ 111,803 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔