(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) حکومت جاپان نے فلسطینیوں کی بہبود کیلئے اقوام متحدہ کا قائم کردہ ادارہ ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی(UNRWA)اونروا کے ساتھ فلسطینی پناہ گزینوں کی امداد کیلئے 40 ملین ڈالر کے معاہدے پر دستخط کردیئے۔
معاہدے پر دستخط کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مقبوضہ فلسطین میں جاپان کے نمائندے میگو شی ماسایوکی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے بحالی فلسطینی پناہ گزین کے ساتھ 40 ملین ڈالر کے امدادی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے اس لئے بھی زیادہ خوشی ہورہی ہے کہ کیونکہ خطے کو عالمی وباکورونا وائرس سمیت دیگر کئی سنجیدہ نوعیت کے بحرانوں کا سامنا ہے ایسے وقت میں فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے امداد اس بات کا ثبوت ہے کہ فلسطین کے ساتھ ہماری وابستگی اور یکجہتی غیر متزلزل ہے ۔
انھوں نے بتایا کہ اس معاہدے کے تحت 9 اعشاریہ پانچ ملین ڈالر مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ میں اسکولوں کی مد میں صرف کیئے جائیں گے جس کے بعد محصور شہر کے بچوں کو بین القوامی معیار کی تعلیمی سہولیات میسر ہوں گی ۔