قاہرہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) عرب لیگ نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں’’ المغیر‘‘ کے مقام پر صیہونی شرپسندوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے غاصب صیہونیوں کی نہتے فلسطینیوں کے خلاف کھلم کھلا دہشت گردی قرار دیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل کے معاون برائے فلسطینی امور کی سعید ابو علی کی طرف سے جاری کردی ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ المغیر قصبے میں نہتے فلسطینیوں کا خون بہانے کا واقعہ مجرمانہ کارروائی اور کھلی دہشت گردی ہے جس پر آنکھیں بند کرنے اور خاموش رہنے کا کوئی جواز نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو فلسطینی قصبے میں صیہونی آباد کاروں کے حملوں کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے۔
خیال رہے کہ ہفتے کے روز مسلح صیہونی بلوائیوں نے اسرائیلی فوج کی موجودگی میں رام اللہ میں المغیر کے مقام پر فلسطینیوں کے گھروں پر حملہ کر دیا تھا جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور دو درجن زخمی ہوگئے تھے۔
سعید ابو علی کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف صیہونی آباد کاروں کا حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اسرائیلی ریاست پر تشدد حربوں پر قائم ہے۔
عرب لیگ کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ اسرائیلی ریاست کی اشتعال انگیزی، عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی اور امریکا کی اسرائیلی ریاست کے جرائم کی حوصلہ افزائی نہتے فلسطینیوں کے خلاف صیہونی جرائم میں اضافے کا موجب ہے۔
انہوں نے کہا کہ المغیر میں جو کچھ ہوا وہ بے گناہ فلسطینیوں کے خلاف صیہونیوں کی کھلی دہشت گردی ہے۔ صیہونی شرپسندوں نے فوج کی موجودگی میں فلسطینیوں کے گھروں میں گھس کر نسل براہ راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہوئے۔
ابو علی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں صیہونی آباد کاروں کے حملوں میں تحفظ فراہم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور اسرائیلی ریاست پر فلسطینیوں کے حقوق کےحوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل درآمد کے لیے دباؤ ڈالا جائے۔