(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قابض صیہونی ریاست کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس میں غیر قانونی یہودی آباد کاروں کی رہائش کیلئے نئی یہودی بستی میں کم سے کم ایک ہزار نئے مکانات کی تعمیر کا فیصلہ کیاگیا ہے۔
صیہونی وزیراعظم نیتن یاھو کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارت ہاؤسنگ اور وزیراعظم ہائؤس جلد ہی القدس میں ایک یہودی کالونی میں ایک ہزار مکانات کی تعمیر کی منظوری دیں گے۔
عبرانی ریڈیو کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ جمعرات کو القدس میں وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے یہودی کالونیوں میں مزید پانچ ہزار گھروں کی تعمیر کا اعلان کیا گیا تھا، حکومت اس اعلان پرعمل درآمد کرتے ہوئے جلد ازجلد ایک ہزار مکانات کی تعمیر کا کام شروع کرنا چاہتی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے بیت المقدس میں دو یہودی کالونیوں میں 5200 مکانات کی تعمیر کا اعلان کیا تھا۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھو نے ‘گیوات ھمٹوز’ میں 3000 اور ‘ھار حوما’ میں 2200 مکانات کی تعمیر کا اعلان کیا تھا۔