(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) ترک صدر کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں پر ہونےوالے مظالم کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے مغرب اور عرب ممالک بھی فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کے جرائم میں قصور وار ہیں۔
استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم کے سماجی امور سے متعلق وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب ایردوآن نےبعض عرب اور مغربی ممالک پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین اور مقبوضہ بیت المقدس کی صورت حال تیزی کے ساتھ خراب ہوتی جا رہی ہے جو اس بات کا نتیجہ ہے کہ بعض عرب ممالک کے ساتھ مغربی ممالک بھی فلسطینیوں کے خلاف جرائم میں اسرائیل کی حوصلہ افزائی کرتےہیں جو فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کے جرائم میں قصور وار ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اس وقت عالم اسلام اپنے اندرونی مسائل میں الجھا ہوا ہے، ہمارے وسائل اور توانائی آپس کے اختلافات میں ضائع ہو رہی ہے ہم اپنے حجم اور تعداد کے باوجود عالمی سطح پرکوئی موثر فیصلہ نہیں کرا سکے ہیں، انھوں نے مزید کہا کہ القدس کا دفاع پوری امت مسلمہ کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔