(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) فلسطینی حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہم نے 1967ء کی حدود کے علاوہ مزید فلسطینی سرزمین پر قبضے کے مذموم صیہونی منصوبے کے ساتھ تمام سطحوں پر اور ہر علاقے میں مقابلے کا فیصلہ کر لیا ہے، فلسطین کی ایک انچ زمین بھی دشمن کے حوالے نہیں کی جاسکتی۔
مقبوضہ فلسطین کے شہر رام اللہ میں اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفدی سے فلسطینی صدر محمود عباس کی ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتےہ وئے فلسطینی حکومت کے ترجمان نبیل ابوردینہ نے کہا ہے کہ غرب اردن کے اسرائیل کے ساتھ الحاق کے حوالے سے فلسطینی قوم کا پیغام انتہائی واضح ہے اور وہ یہ ہے کہ امریکہ و اسرائیل جان لیں کہ ہم ایک انچ فلسطینی سرزمین کا الحاق بھی قبول نہیں کریں گے۔
اردنی وزیرخارجہ کے رام اللہ کے دورے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے نبیل ابوردینہ نے کہا کہ اس میں چھپا اہم پیغام یہ ہے کہ ہم "الحاق” کے مذموم صیہونی منصوبے کے خلاف ایک ہی مورچے میں موجود ہیں غرب اردن کا اسرائیل سے الحاق کسی صورت قبول نہیں ۔