(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسرائیلی وزیر دفاع نے ایران کو خبر دار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج بڑے پیمانے پرایران کو جوہری ہتھیار کے حصول سے روکنے کی تیاری کررہی ہے۔
اسرائیل کے عبرانی نشریاتی ادارے کی جانب سے گذشتہ روز قابض ریاست اسرائیل کے سابق آرمی چیف اور موجودہ وزیردفاع بینی گینٹز کا بیان جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق بینی گینٹز نےایران کو خبردارکرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی افواج ایسی صورتحال کی تیاری کررہی ہے جس میں ہم ایران کو جوہری ہتھیارحاصل کرنے سے روکنے پر مجبور ہو سکتے ہیں۔
ایران کے حوالے سے اسرائیلی وزیردفاع کا کہنا ہے کہ یہ ذاتی جنگ نہیں ہے بلکہ یہ پورے ملک کا مشن ہےاور اس مشن پر عمل در آمد کے لیے ہمیں اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل اسرائیلی وزیر خارجہ کی جانب سے بھی ایران کے خلاف اسی قسم کے بیانات دیے گئے تھے جس میں نےوزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران افزودہ شدہ یورینیم کا ذخیرہ کرنے کے حوالے سے دھوکہ دہی سے کام لے رہا ہے اور ایران کا اصل مشن جوہری ہتھیاروں کا حصول ہے۔