(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے اسرائیلی آرمی چیف کی دھمکی پرن اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران اپنے دفاع کا پورا پورا قانونی حق رکھتا ہے اور ہر قیمت پر اپنا دفاع کرے گا۔
اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے فلسطین کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ہونےو الے ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایویو کوچاوی کی جانب سے دھمکی پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران فلسطین پر قابض صیہونی حکومت نے سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس اکتیس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بین الاقوامی ایٹمی معاہدے کو نقصان پہنچانے کے لئے کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا ہے اور وہ اس معاہدے کو ہر طرح سے نقصان پہنچانے کی کوشش کرتی رہی ہے جس کے بعد جمہوریہ ایران اس غاصب حکومت سے لاحق خطرات کے مقابلے میں اپنے دفاع کا حق پوری طرح محفوظ رکھتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ فریب، دھوکہ اور مظلوم نمائی اسرائیل کی خارجہ پالیسی کا بنیادی عنصر ہے لیکن ان سب حقائق کے عالمی برادری کے سامنے ہونے کے باوجود عالمی برادری اپنا کردار ادا کرنے سے معذور ہے ۔
انھوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ فلسطین پر توجہ دیتے ہوئے اسے مزید ابتر اور اس کے بھیانک نتائج برآمد ہونے سے بچائے اور علاقائی و عالمی سطح پر امن و امان کے قیام و تحفظ کے لئے موثر اقدامات عمل میں لائے۔