(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسرائیل کے پاس دنیا کے جدید ترین دفاعی نظام ہیں لیکن ایران کے تیار کردہ ڈرون اسرائیلی دفاعی نظام کو بری طرح تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، نیوز ویب سائٹ کا دعویٰ۔
"العربی الجدید نیوز ویب سائٹ” نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ صیہونی ریاست کے پاس موجود ایئر ڈیفنس سسٹم دنیا کے مضبوط ترین دفاعی نظاموں میں سے ایک ہے جس میں ہر طرح کے میزائلوں کا مقابلہ کرنے کی غیرمعمولی صلاحیت موجود ہے تاہم اس میں ڈرون طیاروں سے مقابلے کی مناسب صلاحیت موجود نہیں ہے اور ایران کے پاس ڈرون طیاروں کی غیر معمولی صلاحیت موجود ہے جو صیہونی ریاست کو ایک غیر معمولی نقصان پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
رپورٹ میں صیہونی ریاست کے ڈیفنس سسٹم کے حوالے سے لکھا کہ ایرانیوں نے اسرائیل کے ایئر ڈیفنس سسٹم کو تباہ کرنے کی بہترین صلاحیت حاصل کرلی ہے۔
ویب سائٹ نے اپنی رپورٹ میں پیشنگوئی کی ہے کہ اگر صیہونی حکومت کے خلاف ایران کی کارروائیاں شروع ہوئیں تو اس کا آغاز ڈرون طیاروں سے ہوگا ، یہ ڈرون پہلے مرحلے میں میزائلوں کا مقابلہ کرنے والے ایئر ڈیفنس سسٹم کو ہدف بنا کر میزائل حملے کا زمینہ ہموار کریں گے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر ایران نے اپنے ڈرون حملے جنگی بیڑے یا یمن، شام اور لبنان سے کئے تو پھر اسرائیل کے ایئر ڈیفنس سسٹم کے لئے شدید مسائل پیدا ہو جائیں گے۔