(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صدارتی فرمان کے مطابق اظہار رائے کی آزادی اور سیاسی وابستگی کی بنا پر پولیس کسی شخص کو گرفتارنہیں کرے گی, فلسطینی صدر نے دونوں وجوہ کی بنا پر گرفتار کیے گئے تمام افراد کی رہائی کا حکم بھی جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز مقبوضہ فلسطینی صدر محمود عباس کی جانب سے غرب اردن اور غزہ میں مئی میں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات سے قبل اظہاررائے کی آزادی کے احترام کے ضمن میں ایک فرمان جاری کیا ہےجس کے مطابق اظہار رائے کی آزادی اور سیاسی وابستگی کی بنا پر پولیس کو کسی بھی شخص کو گرفتار کرنے سے روک دیا گیا ہےاور اس حوالے سے فلسطینی دھڑوںمیں خیر سگالی کی فضاء کو پروان چڑھانے کے لیے فلسطینی صدر نےان دونوں وجوہ کی بنا پر گرفتار کیے گئے تمام افراد کی رہائی کا حکم دے دیا ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں مصر کی میزبانی میں مذاکرات میں حصہ لینے والے فلسطینی دھڑوں کی جانب سے اظہاررائے کی آزادی کے تحفظ کی ضرورت پر زوردیا گیا تھاجس کے بعد فلسطینی دھڑوں میں اتحاد کو فروغ دینے کے لیے صدر عباس کی جانب سےیہ فرمان جاری کیا گیا ہے تاہم اس نئے فرمان سے پندرہ سال کے بعد انتخابات کے انعقاد کے بارے میں بعض شکوک تو دور ہوئے ہیں لیکن ابھی مختلف فلسطینی دھڑوں کے بہت سے تحفظات دور کیےجانے باقی ہیں۔