(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) برطانوی لیبر پارٹی کےسربراہ نے کہا ہے کہ مشرقی وسطیٰ کیلئے امریکی منصوبہ شرمناک اقدام ہے جس میں امن کا کوئی پہلو نہیں، یہ صرف اسرائیل کی غیرقانونی سرگرمیوں اور استعماری کارروائیوں کو سند جواز فراہم کرنے کی کوشش ہے۔
برطانیہ کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت لیبرپارٹی کےسربراہ جیرمی کوربین نےبرطانوی پارلیمنٹ میں امریکی صدر کے نام نہاد امن منصوبے پر تنقیدکرتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد مشرقی وسطیٰ میں امن نہیں بلکہ اسرائیل کی غیرقانونی سامراجیت کو مضبوط بنانا اور فلسطینیوں کے حقوق کا انکارکرنا ہے۔
جیرمی کوربین برطانوی حکومت سے اس منصوبے کو مسترد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ مضحکہ خیز منصوبہ مشرقی وسطیٰ میں امن کی تمام کوششوں کو تباہ و برباد کردے گا ۔
برطانوی اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ امریکا مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام میں سنجیدہ نہیں کیونکہ جب تک فلسطینیوں کو ان کے منصفانہ حقوق فراہم نہیں کردیے جاتے اس وقت تک خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی نام نہاد امن منصوبہ شرمناک اقدام ہے جس میں امن کا کوئی پہلو نہیں، یہ صرف اسرائیل کی غیرقانونی سرگرمیوں اور استعماری کارروائیوں کو سند جواز فراہم کرنے کی کوشش ہے۔ ایسا کوئی بھی فارمولا جس میں فلسطینیوں کے بنیادی حقوق کو نظرانداز کیا جائے گا وہ قابل قبول نہیں ہوگا اور نہ ہی اس سے امن قائم ہوسکتا ہے۔