(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ اسرائیلی قابض افواج کے پرتشدد اقدامات کی پاکستان مذمت کرتا ہے، اور بین الاقوامی برادری سے ہمارا مطالبہ ہے کہ فلسطینیوں کے تحفظ کے لئے فوری اقدامات کرے۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روزدفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق انہوں نے فلسطین میں صہیونی حکام کی جانب سے ہونے والے مظالم کی مذمت کر تے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے آغاز سے ہی مقبوضہ فلسطینی علاقے میں صورتحال بڑی تشویش ناک ہے اور اسرائیلی غیرقانونی اقدامات میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی قابض افواج کے پرتشدد اقدامات کی پاکستان مذمت کرتا ہےاور عالمی برادری سے مطالبہ کر تا ہے کہ فلسطینیوں کے تحفظ کے لئے فوری اقدامات کرے۔
زاہد حفیظ چودھری نے مزید کہا کہ فلسطینیوں کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، دیرپا اور منصفانہ حل کیلیئے اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل ضروری ہے، 1967 سے پہلے کی سرحدات اور القدس الشریف فلسطینی ریاست کا دارالحکومت ہی قابل عمل حل ہے۔