(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) فواد شکر حزب اللہ کے سب سے نمایاں بانیوں اور صلاحیتوں میں سے ایک تھے۔ ان کا قتل حزب اللہ کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔
لبنانی حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصر اللہ نے فواد بیروت میں کمانڈر فواد شکر کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے تنظیم کے ایک سرکردہ رہ نما فواد شکر کا قتل جماعت کے لیے بہت بڑا نقصان ہے، فواد شکر حزب اللہ کے سب سے نمایاں بانیوں اور صلاحیتوں میں سے ایک تھے۔ ان کا قتل حزب اللہ کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کی جانب سے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے میں فواد شکر اور ایران کے شہر تہران میں اسماعیل ھنیہ کا قتل "غاصب صیہونی ریاست کے لئے ایک کامیابی ہے لیکن یہ فتح ہرگز نہیں”۔
انھوں نے کہا کہ ’ہم اپنے ردعمل کے بارے میں محتاط ہیں‘ حسن نصر اللہ نے یمن، شام اور عراق میں اپنے اتحادیوں سے کشیدگی جاری رکھنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور شام کو جنگ میں داخل ہونے کی ضرورت نہیں، بلکہ انہیں ہماری مدد کرنے کی ضرورت ہے۔
دریں اثنا انہوں نے زور دے کر کہا کہ”ہم فواد شکر کے قتل کے بعد اسرائیل کو جواب دینے کے پابند ہیں، مگر ہم اپنے ردعمل کے حوالے سے محتاط ہیں”۔ انہوں نے اسرائیل کو جواب دینے میں تاخیر کو "سزا کا حصہ” قرار دیتے ہوئے کہا ہمارا ردعمل آئے گا، چاہے ہم اکیلے ہوں یا ہم اتحادیوں کے ساتھ مل کر جواب دیں”۔