(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) نئے امریکی وزیرخارجہ کے انٹر ویو پر اپنے دوٹوک مؤقف میں صیہونی وزیراعظم نے کہا ہےکہ اسرائیل گولان کی چوٹیوں سے دستبردارنہیں ہوگا یہ اس کے قبضے میں رہیں گی۔
نئے امریکی وزیرخارجہ انتھونی بلنکن کی جانب سے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو ایک انٹر ویو دیا گیا جس میں انھوں نے اسرائیلی قبضے میں لئے گئے شامی علاقے گولان ہائیٹس کے حوالے سے کہا تھا کہ گولان کی چوٹیوں پر اسرائیلی قبضہ کے حوالے سے امریکا کی حمایت غیرمتزلزل نہں ہے، اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ گولان کا علاقہ صیہونی ریاست کی سلامتی کے لیے بڑی اہمیت کا حامل ہے لیکن قانونی سوالات اپنی جگہ موجود ہیں،
انھوں نے کہا کہ جب تک بشارالاسد شام میں برسراقتدار ہیں اورایران شام میںموجود ہے تو وہ اسرائیل کی سلامتی کے لیےنمایاں خطرے کا موجب ہیںاس صورت حال میںگولان ہائٹس پر صیہونی ریاست کا کنٹرول اس کی سلامتی کے لیے بدستوراہمیت کا حامل رہے گا۔
امریکی وزیرخارجہ کی جانب سے دیئے گئے اس انٹر ویو پر اپنے ردعمل میں صیہونی ریاست کے وزیراعظم نیتن یاھو نے کہا ہے کہ گولان ہائیٹس کے حوالے سے اسرائیل کا مؤقف بالکل واضح ہے، مستقبل میں کسی بھی ممکنہ منظرنامے میں گولان کی چوٹیاں اسرائیل کے پاس ہی رہیںگی۔