(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ایرانی صدر کے چیف آف اسٹاف کا کہنا ہے کہ یہ نفسیات کی جنگ ہے اور ہم جانتے ہیں صیہونی ریاست کے پاس نہ تو حملے کا کوئی منصوبہ ہے اور نہ ہی صلاحیت موجود ہے۔
ایرانی صدر حسن روحانی کے چیف آف اسٹاف محمود واعظی نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں صیہونی ریاست کے آرمی چیف کے ایران پر حملے کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ہم جانتے ہیں کہ ایران کو حملے کی دھمکیاں دینا ایک نفسیاتی حربہ ہے اسرائیل میں ایران پر حملہ کرنے کی صلاحیت ہی موجود نہیں ہے یہ نفسیات کی جنگ ہے ، ہم کسی دباؤ میں نہیں ہیں اور ہم جانتے ہیں اسرائیل کے پاس نہ تو حملے کا کوئی منصوبہ ہے اور نہ ہی صلاحیت۔
محمودواعظی نے کہا کہ صہیونی حکومت کے کچھ عہدیدار سمجھتے ہیں کہ امریکا ان کی باتوں کو قبول کرے گا لیکن امریکا خود مختار ملک ہے جو اسرائیل کی نہیں سنے گا۔
صدر حسن روحانی کے چیف آف اسٹاف محمود واعظی نے مزید کہا کہ اس سے قبل سابق صدر ٹرمپ نے اپنے یہودی داماد جیرڈ کشنر کی مدد سے اسرائیل سے اپنی ہر بات منوالی اور اسرائیل کے ہاتھ کچھ نہ لگا۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایویو کوچاوی نے اسرائیلی تھنک ٹینک سے خطاب کرتے ہوئےایران کو ایک بار پھر براہ راست دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیلی آرمی کسی بھی وقت ایران پر حملے کو تیار ہے، فوج کو ایران کے خلاف ممکنہ کارروائی کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔