(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ میں گزشتہ روز سے جاری اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں مزاحمتی تحریک کے اہم کمانڈر سمیت سات فلسطینی شہید، درجنوں زخمی اور متعدد عمارات تباہ ہوگئیں ہیں۔
گزشتہ روز سے صیہونی فضائیہ کی جانب سے غزہ کے درجنوں مقامات پر بمباری جاری ہے جس میں فلسطینی مزاحتمی تحریک اسلامی جہاد کے کمانڈر اور ان کی اہلیہ سمیت سات فلسطینی شہید ہوگئے ہیں جبکہ درجنوں تشویشناک حالت میں اسپتال میں داخل ہیں ،
اسرائیلی جنگی جہازوں نے گزشتہ تیرا سالوں سے غیر قانونی طورپر ناکہ بندی کا شکار محصور شہر غزہ میں درجن سے زائد عمارتوں اور جگہوں پر بمباری کی ، اسرائیلی فضائی حملے میں شمالی غزہ میں داخلی سلامتی کے ادارے کے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا گیا۔اسرائیلی جنگی جہازوں نے غزہ میں انسانی حقوق کے آزاد کمیشن کے صدر دفتر پر بھی بمباری کی جس میں اسکا ایک ملازم زخمی ہو گیا اور عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔اسرائیلی جہازوں نے متعدد مزاحمتی چوکیوں اور رہائشی مکانوں کو بھی نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلامی جہاد کے کمانڈر کی شہادت کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نے اپنے بیان میں غزہ میں بڑے فوجی آپریشن کا اعلان کیا تھا جبکہ غزہ کی مزاحمتی تحریکوں نے اسرائیلی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔