غزہ – روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ
اسرائیلی فوج کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کے باوجود غزہ پر حملے جاری ہیں۔ تازہ حملوں میں تین فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔ جنگ بندی کے آغاز سے اب تک 245 فلسطینی شہید اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔ غزہ کے شہری دفاع کے مطابق مختلف علاقوں سے الشفا ہسپتال میں 35 لاشیں منتقل کی گئی ہیں، جن کی شناخت ابھی تک ممکن نہیں ہوسکی۔
اسرائیل کی دو سال سے زائد عرصے سے جاری بربریت میں اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 69 ہزار 180 سے زائد ہو گئی ہے جبکہ ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد زخمی بھی ہو چکے ہیں۔ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے کہا کہ اسرائیلی فوج کے حملوں میں زیادہ تر رہائشی عمارتیں اور عام شہری متاثر ہو رہے ہیں۔
صیہونی آبادکاروں کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی پرتشدد کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ان حملوں میں چار مقامی فلسطینی زخمی ہوئے جبکہ صیہونی آبادکاروں نے فلسطینیوں کی گاڑیاں اور دیگر املاک نذرآتش کر دی ہیں۔
ادھر، فلسطینی صدر محمود عباس اور فرانسیسی صدر میکرون نے پیرس میں ملاقات میں فلسطینی آئین بنانے کے لیے مشترکہ کمیٹی کے قیام پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں دونوں صدور نے غزہ امن معاہدے کے اگلے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ فرانسیسی صدر کے دفتر کے مطابق فلسطینی ریاست کو مضبوط بنانے کے لیے حکومتی ڈھانچے میں اصلاحات ناگزیر ہیں تاکہ ایک خودمختار ریاست وجود میں آ سکے۔
