(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی رہنما کا کہنا ہے کہ قابض صیہونی ریاست کورونا وائرس کی وباء کو فلسطینیوں کے خلاف اور اپنے توسیع پسندانہ مذموم عزائم کو آگے بڑھانے کیلئے استعمال کررہی ہے۔
فلسطینی پارلیمنٹ کے سینئر رُکن اور فلسطینی سیاست دان احمد عطون نے ایک مقامی عربی اخبار کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں قابض ریاست کی اشتعال انگیز کارروائیوں سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی ریاست کی انتقامی اور اشتعال انگیز کارروائیوں کے نتیجے میں مسجد اقصیٰ خطرے میں ہے ، صیہونی القدس کو یہودیانے کی سازشوں پر عمل پیرا ہیں جو خطے کےامن کیلئے تباہ کن ثابت ہوسکتا ہے ۔
انھوں نے مزید کہا کہ مسجد اقصیٰ میں نمازوں کی ادائی جاری رہے گی چاہےفلسطینی قبلہ اول کے دروازوں پر کیوں نہ ادا کرنا پڑے۔احمد عطون کا کہنا تھا کہ دنیا اس وقت کرونا کی وباء کی وجہ سے ہنگامی حالت میں ہے اور اسرائیل اس موقع کو القدس کو یہودیانے اور مسجد اقصیٰ کو اپنے عزائم کی تکمیل کے لیے استعمال کررہا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ میں نمازوں کی ادائیگی پرپابندی عاید کی ہے تاہم فلسطینی محکمہ اوقاف کی طرف سے اسرائیلی ریاست کی پابندیوں کو یکسر مسترد کردیا ہے۔