(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی ریاست کے معروف اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل دیگر ممالک کےساتھ سفارتی تعلقات کے قیام کے بدلے میں انھیں کورونا وائرس سےبچاؤ کی ویکسین فراہم کرنے کی کوششیں کررہا ہے۔
مقبوضہ فلسطین پر قابض صیہونی غیر قانونی ریاست اسرائیل کے معروف اخبار یروشلم پوسٹ نے گذشتہ روز اسرائیلی حکام اور فوج کے ریڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی رپورٹ میں انکشا ف کیا ہے اسرائیلی وزیراعظم نے کہا ہے کہ جب اسرائیل دیگر ممالک میں کورونا وائرس سےبچاؤ کی ویکسین فراہم کرنے کے قابل ہے تو کیوں نا اس کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کیا جائے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ اسرائیل ان غریب ممالک کو دوستانہ کورونا وائرس سےبچاؤکی ویکیسن فراہم کرنے کیلئے تیار ہے جو اس غیر قانونی ریاست کو تسلیم کرنے کے بعد سفارتی تعلقات قائم کریں گے۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے مقبوضہ فلسطین میں محض پانچ ہزار کورونا وائرس سے بچاؤ کی خوراکیں فراہم کی ہیں جبکہ گذشتہ 14 سالوں سے غیر قانونی محاصرے کا شکار محصور شہر غزہ کے 20 لاکھ سے زائد افراد کیلئے فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے فراہم کردہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کو بھی روک دیا ہے۔