(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے نیوز چینل "چینل 12” نے بدھ کے روز رپورٹ دی کہ اسرائیلی ایمبولینس سروس "نجمة داوود” کے مطابق، گذشتہ دو راتوں میں تقریباً 50 اسرائیلی شہری اس وقت زخمی ہو گئے جب وہ یمن کی جانب سے کئے گئے بیلسٹک میزائلوں کے حملوں کے بعد سائرن کی آواز سے محفوظ کمروں کی طرف دوڑ رہے تھے۔ یمن کی جانب سے کئے جانے والے حملوں سے اسرائیلی عوام میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔
یمنی مسلح افواج نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ انہوں نے اسرائیلی حکومت کے زیر قبضہ یافا کے ایک فوجی ہدف کو "فلسطین 2” نامی ہائپر سونک بیلسٹک میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔ یہ دوسری رات ہے جب اسرائیل کے وسطی علاقے میں بیلسٹک میزائل داغا گیا ہے، جسے "تقریباً روزانہ کا واقعہ” قرار دیا جا رہا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق، ان حملوں نے اسرائیل کی سلامتی کو ایک نئے بحران سے دو چار کر دیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ یمن کے پاس بیلسٹک میزائل، کروز میزائل، اور ڈرونز کی نامعلوم تعداد موجود ہے، جو 2000 کلومیٹر دور تک کے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، یمن نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ طویل فاصلے کے اہداف، بشمول خلیج اور اسرائیل کے اہم مقامات، کو مؤثر انداز میں نشانہ بنا سکتا ہے۔ اسرائیلی عوام میں بڑھتے ہوئے خوف کے ساتھ، وزیر اعظم نتن یاہو کو ان حملوں کا کوئی جواب دینے میں ناکامی کا سامنا ہے۔