(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی حکام نے انتظامی حراست کی پالیسی کے تحت دو ماہ سے گرفتار دو اردنی شہریوں کو رہا کرکے اردن کے حوالے کردیا
صیہونی حکام نے انتظامی حراست کی غیر قانونی پالیسی کے تحت گزشتہ دو ماہ سے گرفتار 24 سالہ ھبہ اللبدی اور 29 سالہ عبدالرحمٰن مرعی کو گزشتہ روز اردنی حکومت کے دباؤ کے باعث رہا کردیا ،
ھبہ اللبدی اور عبدالرحمٰن مرعی کو گزشتہ روز اردن اور اسرائیل کی سرحد شاہ حسین پل کے زریعے اردن پہنچایا گیا جہاں ان کے خاندان اور دیگر سیکڑوں افراد نے ان کا استقبال کیا ۔
اردن میں داخل ہوتے ہوئے ھبہ اللبدی نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ اپنی رہائی پر شاہ عبداللہ ، وزیرخارجہ اور اردنی عوام کا شکریہ جنہوں نےمیری حمایت کی اورمیرے ساتھ کھڑے رہے انکا کہنا تھا کہ بغیر کسی جرم کے صیہونی جیل میں قید ہونے کے بعد رہائی پر بہت خوش ہوں ۔
واضح رہے کہ دونوں فلسطینی نژاد اردنی شہری ھبہ اللبدی کو 20 اگست جبکہ عبدالرحمٰن مرعی کو 2 ستمبر کو مقبوضہ بیت المقدس میں شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے آتے ہوئے انتظامی حراست کی غیر قانونی پالیسی کے تحت اسرائیلی فوج نے گرفتارکیا تھا جس کے احتجاج کے طور پر ھبہ اللبدی 39 روز سے بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے تھی ۔