(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مراکشی طلباء نے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم اور مراکش سے حالیہ استوار ہونے والے تعلقات کے خلاف اسرائیلی پرچم کو یونیورسٹی کے دروازے پر بچھادیا تاکہ جامعہ میں داخل ہونے والے ہر شخص کا قدم اس پرچم پر پڑے۔
مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز قابض ریاست اور مراکش کے مابین ہونے والے معاہدے کے خلاف مراکشی جامعہ اگادیر میں طلباء نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں جامعہ کے طالب علموں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔
مراکش، اسرائیل دوستی کے خلاف طلباء نے فلسطین میں ہونے والے صہیونی مظالم کے خلاف شدید نعرے بازی کی تاہم مراکشی حکومت کے صہیونی ریاست کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے فیصلے کے خلاف طلباء کی جانب سے صہیونی پرچم کو جامعہ کے استقبالیہ پر اس انداز سے ڈالا گیا کہ آنے جانے والے ہر فرد کا پہلا قدم صہیونی پرچم پر پڑے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند روز قبل مراکش کی جانب سے صہیونی ریاست اسرائیل کے ساتھ معمول کے امن معاہدے پر دستخط کے بعد مراکشی عوام نے اس فیصلے کے خلاف اپنے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے ۔