(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی اخبار نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی خفیہ ایجنسی فلسطینیوں کو جاری کردہ اجازت ناموں کی توثیق کیلئے استعمال ہونے والی موبائل فون ایپلیکیشن کے ذریعے فلسطینیوں کے موبائل فون کا ڈیٹا اور دیگر انتہائی ذاتی نوعیت کی معلومات چرالیتا ہے۔
قابض صیہونی اسرائیل کے کثیرالاشاعت عبرانی اخبار ‘ہاریتز’ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ اسرائیلی حکومت کی طرف سے فلسطینی شہریوں کے ساتھ رابطہ کاری کے لیے استعمال ہونے والی موبائل فون ایپلیکیشن کے ذریعے فلسطینیوں کی جاسوسی کی جاتی ہے۔اخباری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی محنت کشوں کو کہا جاتا ہے کہ وہ اپنے اجازت نامےتوثیق کے لیے اپنے موبائل فون میں ایک ایپلیکیشن ڈاؤن لوڈ کریں۔
یہ ایپ لوڈ ہونے کے بعد فلسطینی باشندوں کے اطراف میں موجود بہت سی دیگر معلومات بھی اسرائیلیوں کو مل جاتی ہیں جس میں فلسطینی شہری کا محل وقوع، موبائل فون میں موجود ڈیٹا اور دیگر انتہائی ذاتی نوعیت کی معلومات شامل ہے۔
فلسطینی انسانی حقوق کے ادارے کے سربراہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ صہیونی حکام کی طرف سے فلسطینیوں کو رابطے کے لیے موبائل فون ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے پرمجبور کرنا ان کی پرائیویسی میں دخل اندازی کرنے اور ان کی ذاتی معلومات چوری کرنے کی مجرمانہ کوشش ہے۔ صہیونی ریاست فلسطینی باشندوں کی مجبوریوں سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کی پرائیویسی میں مداخلت کرتی ہے جو بین الاقوامی حقوق اور عالمی قوانین کی رو سے ایک جرم ہے ۔