(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) حسن توران نے کہا ہے کہ عرب ممالک کے اسرائیل سے تعلقات کو مسترد کرتے ہیں عربوں نے اسرائیل کے ساتھ دوستی کرکے فلسطینی قوم کی توہین کی ہے۔
فلسطین ترک پارلیمانی دوستی گروپ کے سربراہ اور "پارلیمنٹیرین برائے القدس” ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن پارلیمنٹ حسن توران نے کہا "ترکی فلسطین کو کیوں نہیں ترک کرے گا؟” کے عنوان سے منعقد ہ سمپوزیم کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتےہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مشرقی وسطیٰ کے امن کیلئے تیار کردہ نام نہاد امن منصوبہ صدی کی ڈیل ایک ‘خیانت’ ہے ترکی اس پر عمل درآمد یا قبولیت کی ہرگز اجازت نہیں دے سکتا ہے اور اس حوالے سے واضح موقف رکھتا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ صدی کی ڈیل کا منصوبہ کوئی امن منصوبہ نہیں ہے بلکہ یہ معاہدہ فلسطینی سرزمین کے باقی حصے پر بھی صیہونی قابضین کے قبضے کا اور چوری کرنے کا منصوبہ ہے، ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے تصدیق کی کہ وہ ہمیشہ ان منصوبوں کے سامنے کھڑے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ دوستی کرکے عرب ممالک نے فلسطینی قوم کی توہین کی ہے فلسطینی قوم ترکی اور پوری مسلم دنیا کے لیے سب سے مقدم ہے اور ہم فلسطینی قوم کی طرف پیٹھ نہیں پھیر سکتے، ہم فلسطین کے مسئلے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ فلسطین اور مسجد اقصی کا ترک کرنا ناممکن ہے۔