(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) مقبوضہ بیت المقدس میں اسلامی ـمسیحی تنظیم کے سیکریٹری جنرل حنا عیسیٰ نے کہا ہے کہ بیت المقدس تین آسمانی مذاہب کے ماننے والوں کیلئے مقدس ترین شہر ہے اس کی حفاظت اور اس کا احترام ہم سب پر واجب ہے لیکن بدقسمتی سے قابض صہیونی ریاست مقبوضہ بیت المقدس کو یہودیوں کے مرکزی شہر میں تبدیل کرنے کے منصوبے پرعمل پیرا ہے۔
حنا عیسیٰ نے گزشتہ روز اپنے جاری بیان میں مسجد اقصیٰ کی بنیادوں تلے کھدائیوں اور مقبوضہ بیت المقدس کے مختلف علاقوں میں صہیونی آبادکاری کے نئے ٹینڈر جاری کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض صہیونی حکام مسجد اقصی کو یہودی میوزیم میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں جبکہ بیت المقدس کو یہودی مرکزی شہر بنانے کے سازشی منصوبوں پر عمل پیرا ہیں ۔
حنا عیسیٰ نے مقبوضہ بیت المقدس میں صہیونی آبادکاری اور سازشی منصوبوں کو تاریخی ، مذہبی اور ثقافتی املاک کی خلاف ورزی اور اس کو شہر کے ثقافتی اور تہذیبی ورثہ پر حملہ اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔