(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسرائیلی سفیر اور ابو ظہبی چیمبر کی ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین کاروبار کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا، کاروبار کی ترقی میں تعمیری کردار، وسیع تر تجارتی نیٹ ورک کے قیام اور کئی کلیدی شعبوں میں نئے سرمایہ کاری مواقع اجاگر کرنے میں اسرائیلی سفیر نے چیمبر کی کاوشوں کو سراہا
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز ابوظہبی میں اسرائیلی سفارت خانہ کے ہیڈ آف مشن ایتان نائیہ نے یو اے ای چیمبرز کی فیڈریشن کے چیئرمین اور ابوظہبی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین محمد ثانی الرمیثی سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کے ساتھ آئی ٹی، زرعی ٹیکنالوجی، آبی وسائل کے حل، قابل تجدید توانائی، صحت عامہ، طبی تحقیق اور دیگر شعبوں میں علاقائی اقتصادی صلاحیتوں پر تبادلہ خیال کیا گیا –
ثانی الرمیثی نے بتایا کہ ابوظہبی اور اسرائیل کی کاروباری برادریوں کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کے فروغ و افزائش میں ان کا چیمبر ایک بھرپور معاون کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔
اس موقع پراسرائیلی سفیر ایتان نائیۃ نے کاروبار کی ترقی میں تعمیری کردار ، وسیع تر تجارتی نیٹ ورک کے قیام اور کئی کلیدی شعبوں میں نئے سرمایہ کاری مواقع اجاگر کرنے میں چیمبر کی کاوشوں کو سراہا اور ابوظہبی چیمبر اور اسرائیل کے اقتصادی شعبوں کے درمیان مشترکا تعاون کو فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا اوردونوں ممالک میں سرمایہ کاری ماحول کو مزید اجاگر کرنے کیلئے تجارتی وفود کی تشکیل کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی-
ایتان نائیہ نے دونوں ممالک کے درمیان بی ٹو بی میٹنگز کے انعقاد کی اہمیت پر روشنی ڈالی تاکہ وہ ایک دوسرے کی مارکیٹس تک رسائی پاسکیں اور پائیدار تجارتی شعبوں کو کھول سکیں جوکہ ذہانت ، تخلیق اور ڈیجیٹل سلوشنز پر مبنی ہوں-