(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) خطیب قبلہ اول نے کہا ہے کہ صیہونی ریاست فلسطینی اراضی پر غاصبانہ قبضے کے لیےطاقت اور ریاستی وسائل کا وحشیانہ استعمال کرتے ہوئے فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
مسجد اقصیٰ کے امام وخطیب اور ممتاز عالم دین الشیخ عکرمہ صبری نے صیہونی ریاستی دہشتگردی کے استعمال سے مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے الشیخ جراح سے فلسطینیوں کی بے دخلی کو نسلی تطہیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی ریاست کا بیت المقدس کے باشندوں کے ساتھ برتاؤ اور ارض مقدس کو یہودیانے کی سازشیں ناقابل قبول ہیں۔
الشیخ عکرمہ صبری نے شیخ جراح کے باشندوں کی اپنی زمین مقدس نہ چھوڑنے کے عزم کوخراج تحسین پیش کرتےہوئے کہا ہے کہ صیہونی آباد کاروں اور اسرائیلی حکام کو فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے نکال باہر کرنے کا کوئی حق نہیں ۔
الشیخ صبری کا کہنا تھا کہ قابض اسرایل منصفانہ قوانین پر نہیں چلتا بلکہ فلسطینی اراضی پر غاصبانہ قبضے کے لیےطاقت کا وحشیانہ استعمال کرتے ہوئے ریاستی وسائل کا بھی بے دریغ استعمال کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل القدس کی اراضی کو یہودیانے کے لیے جعلی قوانین اور ظالمانہ ہتھکنڈوں کا استعمال کر کے شہر ی آبادی کا نقشہ تبدیل کر رہا ہے۔