(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی زندانوں میں بغیر کسی جرم کے قید تنہائی کاٹنے والے فلسطینیوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کی ریلیوں پر صیہونی فوج اور پولیس کے وحشیانہ تشددسے متعدد فلسطینیوں کو زخمی کردیا بعض کی حالت تشویشناک۔
مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں فلسطینیوں نے صیہونی زندانوں میں غیر قانونی انتظامی حراست کی پالیسی کےتحت بغیر جرم کے قید فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلیوں کا انعقاد کیا جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی، قابض فوج نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے لیے ان کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کرتے ہوئے آنسو گیس کے گولے اور ربڑ کی گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں اسرائیلی فوج اور فلسطینی شہریوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔
صیہونی فوج کے تشددسے درجنوں فلسطینی زخمی ہوئے جبکہ زہریلی آنسو گیس کے باعث متعدد بے ہوش ہوگئے ۔
مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسیران نے ‘عوفر’ جیل میں90 دن سے مسلسل بھوک ہڑتال کرنے والے اسیر احمد زھران کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی تھی۔مظاہرین نے احمد زھران کی فوری رہائی اور اس کی بھوک ہڑتال ختم کرنے کے لیے اسیر کے مطالبات تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا۔
قابض فوج نے فلسطینی شہریوں کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا اور آنسوگیس کی شیلنگ کے ساتھ براہ راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔