(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )کویتی وزارت تعلیم کا مزید 342 فلسطینی اساتذہ سے معاہدے کا اعلان۔تمام اساتذہ نئے تعلیمی سال کے موقع پر اپنی خدمات سر انجام دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کویت کی وزارت تعلیم نے نئے تعلیمی سال کے موقع پر 342 فلسطینی اساتذہ کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے،جن میں مرد اور خواتین دونوں شامل ہونگے۔
کویتی وزارت تعلیم کے اسسٹنٹ سیکرٹری اسامہ ال سلطان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی فلسطینی ٹیچرز سے حصول تعلیم کے لیے بات چیت طے ہوگئی ہے اور یہ تمام اساتذہ نئے تعلیم سال کے آغاز سے قبل اگست کے مہینے میں کویت پہنچ جائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اساتذہ کو بھرتی کے لیے منتخب کیے جانے والے کمیشن نے اس بات کا اچھی طرح خیال رکھا ہے کہ منتخب کردہ اساتذہ محنتی ،قابل اور اپنے پیشے سے مخلص ہوں۔
دوسری جانب فتح موومنٹ کی جانب سے کویت کے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا گیاہے کہ یہ فیصلہ فلسطینیوں کی بہبود کے لیے موثر ثابت ہوگا۔