(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ)مسجد اقصیٰ میں با جماعت نماز کی ادائیگی پر پابندی برقرار رہے گی، نمازیوں کے میل جول سے کورونا کی وباءکے بڑھتے خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
گزشتہ روزفلسطینی اوقاف کونسل کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلمانوں کا قبلہ اولٗ مسجد اقصیٰ ٗ میں کورونا وائرس کی وجہ سے باجماعت نمازوں اور عبادت پر عائد کی گئی پابندی میں غیرمعینہ مدت کے لیے توسیع کردی گئی ہے جس کے باعث نمازیوں کے میل جول سے کورونا کے بڑھتے خطرات کو روکا جاسکےگا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد اقصیٰ مکمل طورپر بند نہیں ہےاور وہاں تمام نمازوں کی باقاعدگی کے ساتھ اذان دی جاتی ہے جبکہ انفرادی عبادات سمیت تراویح اور دوسری نمازوں کی ادائیگی بھی کی جارہی ہے تاہم عوام الناس کو احتیاطی تدابیر کے تحت مسجد میں جانے سے روکا گیا ہے۔
فلسطینی اوقاف کونسل نے یہ بھی کہا کہ مسجد اقصیٰ کسی خاص مذہبی طبقے یا اوقاف کی انتظامیہ کےلیے نہیں بلکہ اس کا دفاع تمام فلسطینیوں کی قومی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔