(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ رہا کیئے جانے والے دونوں فلسطینی باشندوں پر شبہ ہے کہ عالمی وبا ء کورونا سے متاثر ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کورونا وائرس کے شبے میں دو فلسطینی باشندوں احمد نصار اور ابراہیم عواد کے رہا کیئے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ دونوں قدیوں کو ‘بیتح تکفا’ نامی حراستی مرکز میں قید رکھا گیا تھا جہاں سے گزشتہ روز قابض صیہونی حکام نے انھیں مقبوضہ بیت المقدس کے شہررام اللہ کے جنوب مغربی علاقے میں قائم چوکی پر فلسطینی وزارت صحت کے حکام کے حوالے کیا جہاں سے دونوں فلسطینی باشندوں کو قرنطینہ منتقل کردیا گیا ہے۔
فلسطینی امور اسیران کمیٹی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکام نے الرملہ جیل اسپتال میں چار فلسطینی اسیران کو منتقل کیا ہے جن پر کورونا وائرس کا شکار ہونے کا شبہ ہے، چاروں فلسطینی گزشتہ 10 روز سے اسپتال میں داخل ہیں انہیں جلد ہی رہا کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ صیہونی زندانوں میں چھ ہزار کے قریب فلسطینی پابند سلاسل ہیں، ان میں 180 بچے، 43 خواتین اور 500 انتظامی قیدی شامل ہیں۔