(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوںمیں 22 فلسطینیوں کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کردی گئی جس کے بعد فلسطین میں کورونا وائرس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 216 تک پہنچ گئی ہے جس میں دو کم سن بچے بھی شامل ہیں۔
مقبوضہ فلسطین کے شہر رام اللہ میں فلسطینی وزارت صحت میں ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ کمال الشخرن نے بتایا ہے کہ بتایا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بیت لحم کے نواحی علاقے ارطاس میں کورونا وائرس کےچار مریض سامنے آئے، الجدیرہ اور القدس میں قطنہ سے مزید ایک ایک مریض کی تصدیق کی گئی ہے، غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ اور البیرہ میں بیتونیا کے مقام پر تین نئے کیس سامنے آئے ہیں، القدس گورنری میں بیت عنان اور قطنہ میں بھی کورونا کے مزید تین کیسز سامنے آئے جبکہ طولکرم پناہ گزین کیمپ میں دو اور الخلیل میں حلحول کے مقام پر بھی دو کیسز سامنے آئےہیں ۔