(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اردن نے ریاستی سرپرستی میں یہودی آبادکاروں اور یہودی مذہبی جنونیوں کی مسجد اقصیٰ پر دھاوؤں اور قبلہ اول کی مسلسل بے حرمتی پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت ذمہداروں کے خلاف کارروائی کرے۔
اردن کے وزارت خارجہ کے ترجمان سفیان قضاء کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہودی جنونیوں کی جانب سے اسلامی مقدس مقامات کی بے حرمتی دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کومشتعل کرنے کا باعث بن رہی ہیں انھوں نے کہا کہ اردن نے سفارتی آداب کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اسرائیل سے احتجاج کیا اور اور اس اقدامات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب اردن کے زیر انتظام اسلامی آثار قدیمہ کے سربراہ عرفات عمرو نے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ روز سیکڑوں یہودی مذہبی جنونی پولیس کے حفاظتی حصار میں مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئے جس پر میں نے اس موقع پر پولیس کے سربراہ سے سوال کیا کہ کیا آپ نے القدس میں موجود محکمہ اوقاف سے اجازت حاصل کی ہے تو اس نے جواب دیا کہ میں تم کو کبھی مسجد میں داخل ہونے کے قابل نہیں چھوڑوں کا۔