(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) فلسطینی وزیراعظم نے مشرق وسطی کے امن عمل کیلئے اقوام متحدہ کے نمائدہ خصوصی سے ملاقات میں مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے بین الاقوامی اتحاد بنانے کی تشکیل کی ضرورت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
گزشتہ روز فلسطینی وزیراعظم محمد اشتیہ سے مشرق وسطی کے امن عمل کے لئے اقوام متحدہ کے نمائدہ خصوصی نیکولائی مالادینوف نے رام اللہ میں ان کے دفترمیں ملاقات کی، ملاقات کے دوران فلسطینی وزیراعظم نے نمائدہ خصوصی کو تازہ ترین سیاسی پیشرفت، کورونا وائرس اور دیگر اہم امورسے آگاہ کیا۔
فلسطینی وزیراعظم نے صہیونی ریاست کی جانب سے غرب اردن کے علاقوں پر اسرائیلی قبضے اور امریکا کی جانب سےمشرقی وسطیٰ کیلئے تیار کردہ نام نہاد امن منصوبے صدی کی ڈیل کو ایک بار پھر مستردکرتے ہوئے فلسطینیوں کے مؤقف کی تجدید کی۔
انھوں نے مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے بین الاقوامی اتحاد کی تشکیل کی ضرورت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ایک بین الاقوامی کانفرنس کی ضرورت پر زور دیا جس میں تمام فریقین شامل ہوں اور وہ کانفرنس بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر مبنی ہو۔